تصنیف

قاری جاوید اختر

سفرنامہ

 

حضرت اعلیٰ کا ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان کا تبلیغی دورہ

 

قارئین کرام! حضرت اعلیٰ قاضی عبدالدائم دائمؔ مدظلہ العالی نے کچھ عرصہ پہلے ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان کا تبلیغی دورہ فرمایا۔ یہ دورہ مختصر سا تھا، یعنی صرف تین دن کا، اگر آنے جانے کا ایک ایک دن بھی ساتھ شامل کر لیں تو پانچ دن کا کہہ لیجئے!

یوں تو حضرت اعلیٰ کا ہر تبلیغی دورہ ایسا ہی رشدوہدایت سے بھرپور اور ایمان افروز ہوتا مگراس دفعہ اتفاق سے حضرت اعلیٰ کے خلیفہ مجاز اور تربیت یافتہ حافظ جاوید اخترصاحب بھی ہمراہ تھے، ان کا حافظہ بہت اچھا ہے اور لکھتے بھی خوب ہیں۔ چنانچہ انہوں نے حضرت اعلیٰ کے اس دورہ کے حالات و واقعات اور آپ کے اصلاحی خطابات پر مشتمل مفصل رپورٹ مرتب کر لی جو اہل ذوق کے مطالعہ کے لئے پیش کی جا رہی ہے۔اسے پڑھئے اور اندازہ کیجئے کہ حضرت اعلیٰ نے کس طرح اپنے اوقات تبلیغ و اصلاح کے لئے وقف کر رکھے ہیں۔ بعض دفعہ آپ طویل سفر کر کے تھکے ماندے کسی جگہ پہنچتے ہیں تو وہاں کے لوگ آپ کے ارشادات سننے کے منتظرو مشتاق ہوتے ہیں۔ چنانچہ آپ اپنے آرام و آسائش کا خیال کئے بغیر اسی وقت بیان شروع کر دیتے ہیں، جیسا کہ جاتی دفعہ پروآ پہنچنے پر آپ سیدھے مسجد تشریف لے گئے اور نماز عشاء کے بعد خطاب فرمایا۔ (تفصیل کتاب میں درج ہے)

غرضیکہ سفر و حضر کے بیشتر لمحات میں آپ یا تو قرآن و سنت کے حوالے سے کچھ لکھ رہے ہوتے ہیں یا اصلاحی خطاب کر رہے ہوتے ہیں یا کسی محفل میں تربیتی گفتگو کرتے ہوئے سامعین کو عشق الٰہی اور حبِ رسولؐ کے اسرار و رموز سے آگاہ فرما رہے ہوتے ہیں۔

 گویا علامہ اقبال نے رہنما کی جو نشانیاں بتائی ہیں

یعنی نگہ بلند، سخن دلنواز، جاں پر سوز

یہی ہے رختِ سفر میر کارواں کے لئے

یہ ساری علامات اللہ کے فضل سے حضرت اعلیٰ میں بدرجۂ اتم پائی جاتی ہیں

فَالْحَمْدُاللہ عَلٰی ذٰالِکْ

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حضرت اعلیٰ کو عمر دراز مع صحتِ کاملہ نصیب فرمائے اور ان کا دستِ شفقت ہم بے سہاروں کے سروں پر قائم و دائم رکھے۔ آمین ...ثم آمین.......

شیخ کے دامنگیر

مقدرشاہ ، محمدبشیر